ہم بلاگرکیوں نہیں بن سکتے

اُردوسوشل میڈیا سمٹ  کی آمدآمد ہے اور پورے پاکستان بلکہ دوسرے ممالک سے بھی بلاگر پر تول رہے ہیں موضوعات اور مکالمات کی تیاریاں ہیں- ہم نے کبھی بلاگ نہیں لکھا
لیکن اُردوسوشل میڈیا سمٹ کے جوش میں بلاگربننے کی ٹھان لی ہے- یوں تو ہمارے دوست رزنین نے ملکہِ جذبات سے موسیقی کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی لیکن اپنے فن کا مظاہر نہیں کیا اور
بلاگ چلانے لگے ایسے ہی کاشف اکرم وارثی بھی کچھ فنون سیکھنے کے باوجود میدان میں نہیں اُترے بلکہ بلاگر بن بیٹھے جس سے یہ ثابت ہوتاہے بلاگر ہونا یقینی اچھا اور معتبرکام ہے-
ان مذکورہ بالا صاحبان کی نجی محافل میں پرفارمنس کی ایک آدھ وڈیو یوٹیوب پرتلاش کرنے سے مل جاتی ہے ، یوٹیوب کی پاکستان میں بندش پر یہ دونوں حضرات خوش ہیں کہ ان کی بلاگری
کو ہی ان کا اول وآخر فن سمجھا جارہا ہے – ہمارے اور بھی کئی دوست بلاگ لکھتے ہیں اور ہم ان کی شہرت کو دیکھ کر اس شعبے میں قسمت آزمانے کا ارادہ کرچکے ہیں-
ہمارے ایک  اور دوست جو آئی ٹی  کا بلاگ لکھتے ہیں فرماتے ہیں لوگ ان کا بلاگ تکیہ لگا کہ پڑھتے ہیں ہم سمجھ گئے لوگوں پہ ان کا بلاگ پڑھ کر نیند کا غلبہ طاری ہوجاتاہوگا اور وہ تکیہ
لگاکے سوجاتے ہوں گے – ہم نہیں چاہتے کے آپ ہمارابلاگ تکیے یا پیسے لگاکرپڑھیں بس عینک اور دھیان لگاکرپڑھیں اور تبصرہ بھی فرمائیں تاکہ ہماری حوصلہ افزائی ہوسکے اور ہم
مزید لکھ سکیں – اگرچہ ہم گفتار کے تو غازی مانے جاتے ہیں لیکن اب انگلی کٹا کرہی سہی لیکن  تحریر کے شہیدوں میں نام لکھوانے کی خواہش ہے-
یوں ہم فنوں لطیفہ کی کسی  شاخ کوبھی اپنا سکتے ہیں لیکن وہاں پہلے ہی ہر شاخ پہ کوئی نہ کوئی — بیٹھا ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں گلستانِ فنون لطیفہ کے انجام پر تشویش
پائی جاتی ہے اور ہم اس میں مزید اضافہ نہیں کرسکتے -بلاگ لکھنا ہمیں رکشہ چلانے جیسا لگتا ہے اپنی دھن میں مست خراماں خراماں اُڑاے جانا یعنی اپنی ہی کہے جانا کوئی 
تبصرہ پسند نہ آئے تو حذف کیا اور اپنی راہ پہ گامزن -آج کل یوں بھی اُردوسوشل میڈیا کا سین آن ہے – اُردو سوشل میڈیا سمٹ کراچی میں منقعد ہورہی ہے
اورہم اس سنہرے موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہتے اور خود کو بلاگرکہلوانا اور اپنے شہروالوں کو اپنا مزید گرویدہ وشیدا بنانے کا اس سے بہتر وقت بھلا اور کون سا ہوگا- 
بلاگ لکھتے رہے تو کوئی تمغہ وغیرہ بھی حاصل کرسکتے ہیں یوں بیٹھے بٹھائے ملک کو قوم کا نام روشن کرڈالیں گے –

19 thoughts on “ہم بلاگرکیوں نہیں بن سکتے

  1. ہاہاہاہااااا.. لاجواب… مزا آگیا
    واہ مرزا بھائی… آپ تو اس طرح بلاگر نہیں بن سکتے کہہ رہے ہیں جیسے شاعر کہتا ہے کہ "میں شاعر تو نہیں”. موسیقی کی روح سے تو مطمئن ہیں. لیکن یوٹیوب کی کچھ ویڈیوز کا ذکر سن کر تشویش لاحق ہوگئی ہے. ہاہہاہاہاہاہاہااااا

    Liked by 1 person

  2. السلام علیکم
    زبیر بھائی کے لکھاری ہونے میں ہمیں کبھی کوئی شبہ نہیں رہا۔
    مجھے لگتا ہے موصوف اپنی عمر چھپانے کیلیۓ خود کو نیا لکھاری ثابت کرنے کیلۓ حتی الامکان زور لگا رہے ہیں۔ ورنہ جناب تب بھی نیٹ پرلکھا کرتے تھے جب انٹر نیٹ نیا نیا پاکستان میں پیدا ہُوا تھا اور پنگوڑے میں جھولے کے مزے لیا کرتا تھا۔
    پہلا بلاگ ہی اتنا شاندار ہے تو اگلا بلاگ یقیناََ لازوال شاہکار ہوگا۔
    اللہ کرے زُور قلم ذیادہ

    Liked by 1 person

  3. بہت خوب بھئی، اچھا لگتا ہے جب کتابوں کے شوقین حضرات بلاگنگ میں قدم رکھتے ہیں۔ اس کی دو وجوہات ہیں۔ ایک تو یہ ایسے لوگوں کا مطالعہ زیادہ ہوتا ہے لہٰذا بات بھی اچھی کرتے ہیں۔ دوئم یہ کہ بالآخر وہ کمپیوٹر اسکرین پر پڑھنا شروع کردیتے ہیں، جو ای-بک کی طرف پہلا قدم ہے 🙂

    Liked by 1 person

  4. ماشاللہ 🙂
    اللہ آپ کا جوش بلاگت سدا قائم رکھے 🙂
    ویسے یہ خراماں خراماں چلنے والے رکشے کہاں پائے جاتے ہیں؟؟؟؟ لاہور والے تو مردوں کو بھی جگا دیتے ہیں :ڈ خرامیت کی تشبیہ تانگہ یا نئ نویلی دلہن سے منسوب کی جائے تو زیادہ مناسب نیہں لگے گی؟؟؟
    جو لکھ نہیں سکتے وہ نقاد بن بیٹھتے ہیں’ میری طرح 😦

    Liked by 1 person

    1. شکریہ جمال – بھئی بات یہ ہے سینجی رکشے کے بارے میں تو کہا جاسکتاہے نا:) نئی نویلی یا پُرانی کسی بھی دُلہن کی چال پہ غورنہیں کیا نا کبھی تانگے کا مشاہدہ کیا ہے – ویسے نقاد کا ہونا
      اچھا ہے ہم سے نوآموز لکھنے والوں کے لیے- برسبیل تذکرہ جملے تو آپ کے کمال کے ہوتے ہیں تو بلاگ ہی لکھنے لگیں –

      پسند کریں

  5. اب تک میں بے فکر ہو کر زبان اور قلم چلا لیتا تھا۔ اطمینان تھا کہ جوابِ ایں غزل کون لکھے گا بھلا۔ سائبر کرائم بل کا نافذ العمل ہونا کیا کم تھا کہ ایک قاری بھی گنوا بیٹھے۔ (ظاہر ہے جب مرزا لکھنے لگے تو ان کو بھی ذوالسینگھین کی طرح ہمارے بلاگ کا راہ بھول جائے گا)
    خیر میاں خوشی ہوئی کہ آپ بھی اپنے قلم پہ کھڑے ہوگئے
    بہت سی نیک تمنائیں اور دعائیں۔ آپ کیلئے

    Liked by 1 person

تبصرہ کریں